ورنگل 25؍فروری (اعتماد نیوز)ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی صدر نائنی راجندر ریڈی
نے کہا کہ سابق ریاستی وزیر بسواراجو ساریا کے پارٹی چھوڑنے سے کانگریس
پارٹی یا کیڈر پر کوئی اَثر نہیں پڑے گا۔ ٹی آر ایس کی لہر کے باوجود
300افراد نے بلدی انتخابات کے ٹکٹ کیلئے درخواست دی ہے اور کانگریس پارٹی
کے حوصلے بلند ہیں ۔ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے نائنی راجندر ریڈی ،
سابق مئیر ایرابیلی سورنا ، گھنٹا نریندر ریڈی ، نامنڈلا سرینواس نے ٹی آر
ایس قائدین پر الزام عائد کیا کہ وہ گھٹیا سیاست کا سہارالے رہے ہیں ۔ ٹی
آر ایس قائدین زیادہ سے زیادہ وارڈس سے متفقہ انتخابات کو
یقینی بنانے
کیلئے کانگریس کے اُمیدواروں کوزبردستی نامزدگیوں سے دستبردار ہونے کیلئے
آمادہ کرنیکی کوشش کررہے ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے ذریعہ کئی
سینئر قائدین نے اپناسیاسی کیرئیر بنایا اور عہدے حاصل کئے ‘ آج وہ صرف
اپنے ذاتی مفاد کیلئے پارٹی کو نقصان پہنچارہے ہیں ۔ ایسے قائدین کو زیادہ
دیر تک عوام کی سرپرستی حاصل نہیں ہوگی اورٹی آر ایس کی لہربھی ہمیشہ
برقرار نہیں رہے گی ۔ شمالی ریاستوں کے حالیہ انتخابی نتائج میں کانگریس
بہتر مظاہرہ کررہی ہے اور اُمید ہے کہ عظیم تر بلدیہ ورنگل کے بلدی
انتخابات میں بھی کانگریس پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔